پریمئر سپر لیگ سیزن II، جاز، تھری ڈی موڈلنگ اورآئی پی سی کی فتوحات
لاہور( اسپورٹس رپورٹر )کارپوریٹ سیکٹر کی جاری پریمئر سپر لیگ سیزن IIکے پہلے رائونڈ میں مزید تین میچز کا فیصلہ ہو گیا، جاز، تھری ڈی موڈلنگ اورآئی پی سی نے کامیابی حاصل کی۔ پہلے میچ میں آئی پی سی نے ایگزونوبل کو 23 رنز سے شکست دی۔آئی پی سی نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 185رنز بنائے۔وحید انور 51اورولید طبریز 42 سکو رکے ساتھ نمایاں رہے۔ ایگزونوبل کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 145 رنز بناسکی ۔ دوسرے میچ میں تھری ڈی موڈلنگ کی ٹیم نے یو بی ایس الیون کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ یو پی ایس الیون نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 135رنز بنائے۔ تھری ڈی موڈلنگ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔ امتیاز انور نے 56 جبکہ محمد جواد نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ تیسرے میچ میں جاز نے ہنڈا کو دو وکٹوں سے شکست دی۔ ہنڈا ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جاز ٹیم کے بالرزخواجہ جہانگیر اور احسان الحق نے تین ،تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔جاز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔