دیوار برلن کی طرح پاکستان‘ بھارت اختلافات کی دیوار بھی جلد گرے گی: چدم برم
دہلی (آن لائن) سابق بھارتی وزیر داخلہ پی چدم برم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی جلد ختم ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیوار برلن کی طرح دونوں پڑوسی ممالک میں موجود اختلافات کی دیوار بھی ایک دن ضرور گرے گی۔ دونوں ممالک کو معلوم ہونا چاہئے کہ ایک دوسرے سے منہ پھیر کر ترقی کی جا سکتی ہے نہ پڑوسی تبدیل ہوتے ہیں۔ نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چدم برم نے کہا کہ یہ دعوی تو نہیں کیا جا سکتا کہ دیوار برلن کی طرح اختلافات یک لخت ختم ہوں گے لیکن تاریخ ضرور کروٹ لیتی ہے اور کوئی بھی قبل ازوقت پیشگوئی نہیں کر سکتا۔ ممکن ہے کہ ایسا ہو کہ دونوں ملک اپنے اختلافات دور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے آپس میں پیچیدہ معاملات ہو سکتے ہیں لیکن پاکستان بھارت کا انتہائی اہم ہمسایہ رہا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ رابطوں کے فروغ کو آگے بڑھانے کے لئے ہمیں یہ ذہن نشین کرنا ہوگا کہ وہ کون ہیں اور کیا ہیں اور میں اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ کوئی ملک اپنا وجود کھو سکتا ہے۔
چدم برم