جشن بہاراں فیصل آباد ‘جی سی یونیورسٹی ‘شہباز سینئر ہاکی اکیڈمی کے درمیان دوستانہ میچ

فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام جشن بہاراں کے سلسلے میں جی سی یونیورسٹی اور شہباز سینئر ہاکی اکیڈمی فیصل آباد کے مابین دوستانہ میچ کھیلا گیا۔ مہمان خصوصی پاکستان کے مایا ناز سابق ہاکی کھلاڑی شہباز سینئر اور ایشیا ہینڈ بال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد شفیق تھے۔ اس موقع پر شہباز سینئر نے کھلاڑیوں کو ہاکی کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی اور ان کے کھیلنے کے انداز کو سراہا۔ اس سے پہلے پاکستان کے سابق ہاکی کھلاڑی شہباز سینئر نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ،دوران ملاقات یونیورسٹی میں غیر نصابی سرگرمیوں اور بالخصوص ہاکی کے فروغ کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی ۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال نے کہا کہ کھیل کود میں حصہ لینا ذہنی و جسمانی نشوونما کے لئے ناگزیرہے کیونکہ اس سے طلبہ میں مسابقت کا جذبہ فروغ پاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نے بے شمار قومی کھلاڑی پیدا کیے ہیں جن میں شہباز سینئر کا نام سرفہرست ہے، جنہوں نے نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ملاقات میں جی سی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس ذیشان احمد خان نے کھیلوں کی سرگرمیوں اور سپورٹس کے حوالے سے کیے گئے حالیہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ مہمان خصوصی نے چئیر مین سپورٹس بورڈ ڈاکٹر ناصر امین کے ہمراہ انٹر ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کے مقابلہ جات کے انعقاد اور تھیم ”کھیل کے میدان حوصلے اور ہمت کا امتحان“ کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔ آخر میں وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال نے شہباز سینئر کے ہمراہ دونوں ہاکی ٹیموں میں ٹرافی تقسیم کیں۔