دنیا ہماری طرف دیکھ رہی‘ پاکستان اسلامی ملک بن کر ابھرے گا: نور الحق قادری
اوکاڑہ‘ ساہیوال (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے سعودی حکومت نے ابھی تک نہیں بتایا کہ حج معمول کے مطابق ہو گا یا کرونا ایس اوپیز کے تحت ہوگا۔ سعودی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں کہتے ہیں کہ انتظار کریں، حج اگر کرونا ویکسین کے تحت ہوا تو ہم اس کیلئے تیار ہیں، حجاج کی ویکسین کریںگے،ان خیالات کااظہارانہوں نے جامعہ اشرف المدارس اوکاڑہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا مولانا ہر معاملے کو سیاسی اور متنازعہ بناتے ہیں، مدارس پر جو فیصلہ ہوا ہے وہ 40سال سے پینڈنگ تھا، حکومت نے جو قواعد ضوابط بنائے ہیں ان پر جو پورا اترے گا اسے ڈگری مل جائے گی۔ انہوں نے کہا عبدالقوی مفتی کے عوامی اعزاز سے محروم ہو چکے ہیں۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت اسلام فوبیا ریسرچ سنٹرز کی طرز پر یونیورسٹی لیول پر سیرت چیئر کے نام سے پروگرام شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امر کا انکشاف قادر آباد میں میڈیا سے باتیں کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا وفاقی حکومت نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ حج پر کسی قسم کی سبسڈی نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا حکومت سینٹ الیکشن میں بڑے بڑے انویسٹر وں کا راستہ روک رہی ہے۔ یکساں نظام تعلیم کے حوالہ سے وفاقی وزیر تعلیم سے مل کر لائحہ عمل طے کریں گے۔ علاوہ ازیں پیغام پاکستان برائے ممبر ومحراب کانفرنس سے وفاقی وزیر مذہبی امور بین المذاہب پیر ڈاکٹر نورالحق قادری نے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سنی اور شیعہ کو لڑانے کا منصوبہ بنا لیا گیا تھا جسے حکومت نے ناکام بنا دیا۔ دنیا میں اگر کوئی ملک ہے جس کی طرف پوری دنیا اس وقت دیکھ رہی ہے وہ صرف پاکستان ہے۔ پاکستان کو ہم کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ ملک کو ہم مضبوط بنا کر رہیں گے اور انشاء اللہ پاکستان اسلامی ملک بن کر ابھرے گا۔