ترک پاکستان تعلقات سب کے لئے قابل رشک ہیں، پاکستان آکرلگتا ہے اپنےگھرمیں ہی ہوں: رجب طیب اردوان
اسلام آباد: ترک صدر نے کہا ہے کہ ترک پاکستان تعلقات سب کے لئے قابل رشک ہیں، پاکستان آکرلگتا ہے اپنےگھرمیں ہی ہوں۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ترک صدر رجب طیب اردوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا محترم ایوان کو سلام پیش کرتا ہوں، مشترکہ اجلاس سے خطاب باعث فخر ہے، خطاب کا موقع فراہم کرنے پر شکر گزار ہوں، خود کو اپنے گھر میں محسوس کرتے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کی ایوان آمد پر ارکان نے کھڑے ہو کر استقبال کیا۔ مشترکہ اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، گورنرز، آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور سپیکر، غیر ملکی سفیر، مسلح افواج کے سربراہان شریک ہیں۔
واضح رہے کہ صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد کے علاوہ ترکی کی صف اول کی کارپوریشنوں کے سربراہ اور چیف ایگزیکٹو افسران بھی پاکستان آئے ہیں۔
ترک صدر کے دورہ کے دوران دفاع، ریلوے، اطلاعات، تجارت اور دہری شہریت کے حوالے سے متعدد معاہدے ہوں گے۔ پاکستان اور ترکی کے تجارت اور سرمایہ کاری کے جوائنٹ ورکنگ گروپ نے مفاہمت کی دو یادداشتوں کو حتمی شکل دیدی۔ دونوں ایم او یوز پر دستخط ابتدائی اجلاس میں ہوں گے۔ گزشتہ روز مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا، وفود کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے متعدد مواقع تلاش کرنے پر غور کیا گیا اور تجارتی سہولت اور کسٹم تعاون کے معاملات کی مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دی گئی۔