ترک صدر آج چوتھی بار پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے
اسلام آباد: ترک صدر رجب طیب اردوان آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وہ اس سے قبل تین مرتبہ پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کرچکے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ترک صدرطیب اردوان صبح 11 بجے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ۔جس کے بعد وہ جمعہ کی نماز فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کریں گے۔ تاہم آج دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ترک صدر رجب طیب اردوان شیڈول کے مطابق رات8 بجے نورخان ایئر بیس سے واپس روانہ ہوجائیں گے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان اس سے قبل تین مرتبہ پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کرچکے ہیں ۔ انہوں نے بطور وزیر اعظم 2 مرتبہ جبکہ بطور صدر کے ایک مرتبہ پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔ انہوں نے بطور وزیر اعظم 26 اکتوبر 2009 اور 21 مئی 2012 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔بحیثیت صدر انہوں ںے 17 نومبر 2017 کوپہلی مرتبہ خطاب کیا تھا۔ 14 فروری 2020 کو وہ دوسری مرتبہ بحیثیت صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ ترک صدرطیب اردوان گزشتہ روز اعلی سطح وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تو نورخان ائیربیس پروزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کااستقبال کیا،وزیراعظم عمران خان خود گاڑی ڈرائیو کرکے معززمہمان کووزیراعظم ہاوس لے گئے جہاں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان ایوان صدر بھی پہنچے جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان کا استقبال کیا
جس کے بعد دونوں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔صدرعارف علوی نے ترک صدرکے اعزازمیں عشائیہ بھی دیاجس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔
پاکستان کی آئینی اسمبلی سے پہلا خطاب کرنے کا اعزاز ایران کے مرحوم شہنشاہ محمد رضا شاہ پہلوی کو حاصل ہے۔ انہوں ںے 15مارچ 1950 کو پاکستان کی آئینی اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔
فلپائن کے صدر دیوداس میکا پگل نے 15 جولائی 1962 میں پاکستان کی قومی اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔ انڈونیشیا کے صدر ڈاکٹر احمد سائیکارنو نے 26 جون 1963 کو قومی اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔
سری لنکا کی وزیر اعظم محترمہ بندرا نائیکے نے پانچ ستمبر 1974 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔ ترکی کے صدر کینان ایورن نے 15 نومبر 1985 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔
فلسطین کے صدر یاسر عرفات نے 24 جون 1989 کو قومی اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔ فرانس کے صدر فرانسس مترندنے 20 فروری 1990 کو قومی اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔
اسپیکر مجلس شوریٰ اسلامی آف ایران حجتہ الاسلام مہدی کروبی نے 24 فروری 1991 کو قومی اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔ ایران کے صدر علی اکبر ہاشمی رفسنجانی نے 7ستمبر 1992 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔
اسپیکر مجلس شوریٰ اسلامی آف ایران حجتہ الاسلام و المسلمین علی اکبر ناطے نوری نے گیارہ اپریل 1994 کو قومی اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔
چین کے وزیر اعظم جیانگ ژیمن نے دو دسمبر 1996 کو سینٹ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا تھا۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے آٹھ اکتوبر 1997 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔چین کے وزیر اعظم وین جیاباؤ نے 19 نومبر 2010 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا جب کہ چین ہی کے وزیر اعظم لی کچیانگ نے 13 مئی 2013 کو سینٹ آف پاکستان کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا۔
چین کے صدر ژی جنگ پنگ نے 21 اپریل 2015 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا جب کہ انڈونیشیا کے صدر جوکوویڈوڈو نے 26 جنوی 2018 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔