تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رکھا جائے، سندھ ہائیکورٹ
کراچی (این این آئی)سندھ ہائیکورٹ میں ضلع شرقی میں تجاوزات سے متعلق سماعت عدالت نے حکام کو تمام تجاوزات واگزار کرانے کا حکم دے دیا۔کراچی کے ضلع شرقی میں تجاوزات کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی سماعت کے موقع پرڈائریکٹر انکروچمنٹ ضلع ایسٹ عدالت میں پیش ہوئے جہاں حکام نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس میں بتایا گیا ہے کہ جمال الدین افغانی پارک کو مکمل قبضے سے خالی کرایا گیا،ضلع ایسٹ میں 12 سو اشتہاری بورڈز اور سن شیٹ گرائے گئے،125 غیر قانونی تعمیر دکانیں، اور سینکڑوں لوہے سے بنی پارکنگ حدود بھی ختم کر دیے گئے،عدالت نے حکام کو تمام تجاوزات واگزار کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے ڈائریکٹر انکروچمنٹ ایسٹ کا عدالت میں کہنا تھا کہ ہمارے پاس مشینری نہیں ہے سب تجاوزات ایک دن میں واگزار نہیں کرواسکتے ، پولیس ہماری مدد کرتی ہے لیکن مووایبل تجاوزات ہیںصبح ہٹاتے ہیں تو شام کو لوگ قبضہ کر لیتے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ آپ پولیس کو شکایت کیوں نہیں کرتے؟کیا آپ نے کبھی پولیس کو کہا کہ تجاوزات دوبارہ قائم ہو رہے ہیں؟ عدالت نے اینٹی اینکروچمنٹ حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو پولیس سے مدد لینے کی ہدایت کی۔سندھ ہائیکورٹ میں لاینز ایریا میں کچی آبادی اور تجاوزات سے متعلق درخواست کی سماعت عدالت نے ماسٹر پلان طلب کرلیا۔سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس حسن اظہررضوی کی سربراہی میں لائنز ایریا سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے حکم دیا کہ 1980 کا ماسٹر پلان آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش کریں، عدالت کا کہنا تھا کہ لائنز ایریا کی حالت دیکھی ہے آپ نے ؟ عدالت نے کے ڈی اے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورا علاقہ برباد کر کے اسکا نقشہ بگاڑ دیا ہے۔