تحریک انصاف شعبہ خواتین کی مرکزی وصوبائی عہدیداران نے حلف اٹھا لیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین کی مرکزی خواتین عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ تقریب حلف برداری پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی اور چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے شعبہ خواتین کی مرکزی ذمہ داران سے حلف لیا۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق حلف اٹھانے والوں میں صدر پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین ڈاکٹر نوشین حامد، سیئنر نائب صدر سعدیہ آغا، خیبرپختونخوا سے نائب صدر نیلم طورو، پنجاب سے نائب صدر نسرین طارق، بلوچستان سے نائب فہمیدہ کوثر جمالی، جنرل سیکرٹری سیمی ایزدی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری آسیہ صالح خٹک، گلگت بلتستان سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلطانہ اقبال، آزاد جموں کشمیر سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری خولہ خان، اسلام آباد سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری فوزیہ ارشد، خیبرپختونخوا سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری حمیدہ شاہد، پنجاب سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری نگہت محمود، بلوچستان سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عارفہ کاکڑ، سندھ سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سیمہ شیخ، فنان سیکرٹری عمبرین ترک اور سیکرٹری اطلاعات زنیرہ ملک شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے میں خواتین نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور ملک میں چیئرمن تحریک انصاف کے پیغام کو عام کرنے میں نہایت قابلِ قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تعمیر ملک و ملت کے اہم قومی فریضے میں خواتین کا کردار نہایت اہمت کا حامل ہے، پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین محنتی جانثار اور نہائت قابل کارکنان کا دستہ ہے جو سماجی سطح پر مثبت تبدیلی کی راہ ہموار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف شعبہ خواتین ملک بھر میں خواتین کو سیاسی طور پر متحرک کرنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کرے گا اور شعبہ خواتین کی قیادت اس فریضے کی انجام دہی کے لئے جامع اور مؤثر حکمت عملی ترتیب دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں خواتین کی بہبود پاکستاں تحریک انصاف کے منشور کا اہم حصہ ہے جس کیلئے تحریک انصاف جماعتی اور حکومتی سطح پر اقدامات اٹھا رہی ہے، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنا کر ملکی تعمیر میں ان کے کردار کو مستحکم بنائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی شعبہ خواتین قیادت کو حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے ان کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے نو مقرر شدہ جنرل سیکرٹری عبدالماجد خان نے بھی حلف اٹھا لیا سیف اللہ خان نیازی نے ان کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔ عبدالماجد خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اعتماد کے اظہار اور ذمہ داریاں سونپنے پر قیادت کا شکرگزار ہوں اور وزیراعظم پاکستان و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف کے پیغام کی ترویج اور آزاد جموں و کشمیر میں جماعت کی تنظیمی ڈھانچے کی تعمیر و تقویت کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا۔