شہباز شریف کی رہائی نیب کےلئے لمحہ فکریہ،قوم پر منفی اثر پڑے گا:فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، وزیراعظم عمران خان خود محمد بن سلمان کا استقبال کریں گے اور انہیں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی، محمد بن سلمان کے دورے کے موقع پر معاشی معاہدوں پر دستخط ہوں گے، سعودی عرب 8 ارب ڈالر سرمایہ کاری سےآئل ریفائنری لگا رہا ہے جب کہ سعودی وفد میں شامل تاجروں کی پاکستانی تاجروں سے الگ میٹنگ کرائی جائی گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ چھ ماہ میں خارجہ پالیسی میں بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں جس سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان اس وقت سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے مذاکرات اس دفعہ پاکستان میں ہوں گے اور اس عمل سے افغانستان میں استحکام آنے کا امکان ہے یہ استحکام سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف متوجہ کرے گا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی رہائی نیب کے لیے لمحہ فکریہ ہے، نیب کو شہباز شریف کی ضمانت کو چیلنج کرنا چاہیے اور امید ہے کہ نیب اس فیصلے کو چیلنج کرے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ نیب کو دیکھنا چاہیے کہ وہ مقدمات کو منطقی انجام تک کیوں نہیں پہنچا پا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کو بتاناچاہیے کہ بڑے لوگوں کے خلاف کیسز کے ثبوت کیوں نہیں آ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کو سوچنا چاہیے کہ احتساب کا عمل کیوں ناکامی کا شکار ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کی ضمانت سے قوم پر منفی اثر پڑے گا، تاثر جائے گا کہ بڑے لوگ مچھلی کی طرح نکل جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے ملزمان کو ریلیف ملنے سے قوم کو مایوسی ہوتی ہے، یہ جو ضمانتیں ہو رہی ہیں اس پر ہم سمیت پوری قوم مایوس ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی ضمانت سے ملکی وعالمی سطح پر منفی پیغام گیا ہے، یہ پیغام گیا ہےکہ امیر اور طاقتور کی ضمانت ہو جاتی ہے۔