کراچی : بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرا فریال تالپور کی ضمانت 5 مارچ تک توسیع کردی۔
کراچی کی بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جہاں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے جبکہ گرفتار ملزمان انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا کو بھی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت نے عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 5 مارچ تک توسیع دے دی۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کررہی ہے اور اس سلسلے میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی ایف آئی اے کی حراست میں ہیں، دونوں گرفتار ملزمان سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ہے۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرا فریال تالپور بھی شامل تفشیش ہیں۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے مبینہ طور پر اربوں روپے بیرون ملک بھیجنے کے معاملے پرسپریم کورٹ کے حکم پر بنائی گئی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں اس مقدمے میں ملوث تمام افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی۔
ان میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر افراد کے نام شامل تھے۔ تاہم سپریم کورٹ نے بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا۔