حکمران سابقہ قرض کو بنیاد بنا کر عوام کا جینا محال نہ کریں:ذکراللہ مجاہد
لاہور (خصوصی نامہ نگار)میر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران سابقہ قرضوں کو بنیاد بنا کر غریبوں کا جینا مزید دوبھر نہ کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی علاقہ غربی کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قائم مقام امیر جماعت اسلامی علاقہ غربی غلام حسین بلوچ ، سیکرٹری علاقہ غربی علی ارتضی حسنی، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد،عبدالکریم عابد،رانا محمد خلیل، چوہدری عبدالواحد،ڈاکٹر نثارعابدو دیگر موجود تھے۔ذکراللہ مجاہد نے مزید نے کہا کہ حج سمیت بنیادی انسانی ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن پالیسی ہے۔حکمرانوں نے عوامی توقعات کے برعکس پالیسیاں اختیار کی ہیں۔قوم کر مایوسی کے سواء کچھ نہیں دیا۔ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔