پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہے: قبلہ ایاز
راولپنڈی (این این آئی) اسلامی نظریہ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ وزیرستان، باجوڑ، مہمند جاکر خوشی ہوئی ،یہ علاقے اب امن کا گہوارہ ہیں۔ بیس سال دہشت گردی عروج پر رہی، فوج اور سویلین کے ایک پیج پر آنے سے نیشنل ایکشن پلان بنا، ملک بھر کے تمام مکتبہ فکر کے علماء نے دہشت گردی کے خلاف متفقہ فتویٰ دیا۔ بدھ کو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں دختران پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ پاکستان کو ترقی، خوشحال، امن کا گہوارہ بنانا ہے۔پاک فوج نے قربانیاں دے کر دہشت گردی کو ختم کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ بیس سال دہشت گردی عروج پر رہی۔ انہوں نے کہا کہ دو یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر اغوا کئے گئے،آرمی پلک سکول پشاور میں دہشت گردی کی انتہا کی گئی۔ پروفیسر فرخندہ ضیاء نے کہا اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔وائس چانسلر یونیورسٹی نے کہاکہ خواتین کی عملی شرکت کے بغیر کوئی ملک، معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔