حکومت جلد اٹھارویں ترمیم کے مطابق نیا این ایف سی ایوارڈ پیش کرے گی: ہاشم جواں بخت
لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد قومی مالیاتی ایوارڈ کی تقسیم کا قدیمی فارمولا مسائل میں اضافے کا سبب بنا نئی حکومت بہت جلد اٹھارویں ترمیم کے مطابق نیا این ایف سی ایوارڈ پیش کرے گی ۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز کی وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر 27ویں ایڈوانس ڈپلومیٹک کورس کے 23رکنی وفد سے ملاقات کے روران کیا ہے ۔ملاقات میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ حبیب الرحمان اور ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کی وفد کو پنجاب میں ڈویلپمنٹ پلاننگ اورسیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی بریفننگ دی۔ملاقات میں وفد کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب آ بادی کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے ۔صوبہ نہ صرف سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہے بلکہ سیاحت کے اعتبار سے بھی اپنی مثال آ پ ہے۔پنجاب اپنی ٹیکسائل،سپورٹس گڈز،سرجیکل اور زرعی پیداوار کے اعتبار سے بھی خطے میں خاص مقام رکھتا ہے مناسب سیکیورٹی اور موزوں آ ب و ہوا بھی صوبے کو سرمایہ کاری کے حوالے سے پرکشش بناتی ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ افادیت کے حامل تعلقات کے فروغ میں سرگرم رہا ہے۔ چائنا ہر دور میں پاکستان کا بہترین ساتھی رہا ہے پاک چائنا اکنامک کاریڈور پورے خطے کی اقتصادیات میں مثبت انقلاب کا سبب بنے گا ضروری ہے کہ تمام پارٹنرز دوستانہ تجارتی تعلقات کو آ گے بڑھائیں۔