ڈی جی ڈگری کیس: سپریم کورٹ نے نیب سے تمام درخواستوں پر جواب طلب کر لیا
اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ نے ڈی جی نیب سلیم شہزاد مبینہ جعلی ڈگری کیس میں نیب سے تمام درخواستوں پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کا آغازہوا تو جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ نیب نے ابھی تک تمام درخواستوں میں جواب جمع نہیں کرایا ، سلیم شہزاد کے خلاف درخواست گزار اسد کھرل عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ انہیں ابھی تک جواب کی کاپی نہیں ملی، جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا اسد کھرل صاحب جب جواب ہی داخل نہیں ہوا تو آپ کو کاپی کیسے ملے ؟پراسیکیوٹر نیب عمران الحق نے بتایا ڈی جی نیب لاہور کے معاملے میں نیب کا جواب جمع ہو چکا ہے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ اورکسی کو جواب دے نہ دیں اسد کھرل کو جواب کی کاپی فراہم کی جائے۔اسد کھرل نے کہا کہ وہ گزشتہ تین سال سے اس مقدمے میں پیش ہو رہے ہیں، بعد ازاں عدالت نے نیب سے تمام درخواستوں پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔