کیسے طے ہوگا رمضان شوگر ملز کے قریب نالہ ذاتی مفاد میں بنایا یا عوامی: ہائیکورٹ
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنے والے لاہور ہائیکورٹ کے بنچ نے باور کرایا ہے کہ یہ کیسے طے ہو گا رمضان شوگر ملز کے قریب نالہ ذاتی مفاد یا عوامی مفاد کیلئے بنایا گیا۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے یہ نکتہ اٹھایا کہ چنیوٹ میں نالہ کی تعمیر کیلئے صوبائی حکومت اور مقامی میں سے کس نے فنڈز جاری کرنے تھے جس پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ نالہ کی تعمیر کی لاگت 200 ملین سے زیادہ تھی اس لئے یہ صوبائی حکومت کا اختیار تھا۔ دو رکنی بنچ نے یہ بھی استفسار کیا کہ چنیوٹ میں اسی قسم کی کتنی سکیمیں اور باقی اضلاع میں بنائی گئیں؟ نیب کے وکیل نے مہلت کی درخواست کی جسے دو رکنی بنچ نے منظور کر لیا اور کارروائی آج تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے وکلاء کو ہدایت کی کہ وہ نالہ سکیم کیلئے فزیبلیٹی رپورٹ اور پنجاب اسمبلی کی منظوری کے معاملے پر دلائل دیں۔