مہنگی گاڑیاں، ڈی ایچ اے میں پراپرٹی، سینکڑوں سرکاری ملازمین پر ٹیکس عائد
لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آ ف ریونیو نے بیش قیمت گاڑیاں اور ڈی ایچ اے میں پراپرٹی خریدنے والے 450 سرکاری ملازمین پر ٹیکس عائد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے مہنگی گاڑیاں، ڈیفنس میں پراپرٹی خریدنے والے 450 سرکاری ملازمین کو ٹیکس ادائیگی کے نوٹسز جاری کر دئیے۔ پنجاب یونیورسٹی، محکمہ آبپاشی، پی ٹی سی ایل، محکمہ صحت، ایجوکیشن، واپڈا کے ملازمین شامل ہیں۔ تمام سرکاری ملازمین نے سال 2017 کے ٹیکس گوشواروں میں گاڑیاں اور پراپرٹی ایف بی آر کو ظاہر نہیں کئے۔ سرکاری ملازمین نے گاڑیاں اور پراپرٹی ایف بی آر سے چھپا رکھی تھی۔ ایف بی آر نے تمام سرکاری ملازمین سے گاڑیوں، پراپرٹیز کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ سرکاری ملازمین کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر ٹیکس عائد کیا گیا۔ ٹیکس ادائیگی کیلئے 15 روز کی مہلت دی گئی ہے۔