سانحہ ساہیوال، جے آئی ٹی کی خلیل کے اہلخانہ سے ملاقات، وقت ضائع کیا جا رہا ہے: بھائی جمیل
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) سانحہ ساہیوال کے مقتول خلیل کے اہلخانہ اور جے آئی ٹی میں ملاقات ہوئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق جے آئی ٹی نے مقتول خلیل کے اہلخانہ سے پولیس کلب میں ملاقات کی۔ مقتول خلیل کے بھائی نے جے آئی ٹی کو تصاویر اور فوٹیجز فراہم کیں۔ بھائی جمیل نے الزام لگایا کہ جے آئی ٹی نے واقعہ میں استعمال کیا گیا اسلحہ بھی تبدیل کر دیا۔ جے آئی ٹی وقت ضائع کرنے کے سوا کچھ نہیں کر رہی۔ دوسری جانب حکومت پنجاب نے جے آئی ٹی کو 19 فروری تک تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعلی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی رپورٹ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی‘ سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی کو 19 فروری تک تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعلی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں سانحہ ساہیوال کے حوالے سے تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اب تک کے سامنے آنیوالے شواہد کا بھی جائزہ لیا گیا۔