سٹیٹ بینک کا فون کال پر شہریوں کے اکائونٹس نمبر، ڈیٹا لینے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
لاہور( این این آئی )مرکزی بینک نے فون کال پر شہریوں سے بینک اکائونٹ نمبر اور ڈیٹا حاصل کرنے والے فراڈیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔سٹیٹ بینک کے مطابق فون پر شہریوں کو لوٹنے والے افراد کے نمبرز فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کو دئیے جائیں گے۔ جن کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔مرکزی بینک نے شہریوں کو بھی ہدایت کی فون پر اپنے اکائونٹ سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات فراہم نہ کریں۔اگر آپ کو ایسی کال موصول ہوتی ہے جس میں کال کرنے والا خود کو بینک اہلکار ظاہر کرکے اکائونٹ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرے تو اس کی کال کاٹ دیں اس کے بعد سٹیٹ بینک کے کنزیومر پروٹیکیشن ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کرکے شکایت درج کریں۔ اس کے ساتھ ہی ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بھی شکایت آن لائن یا فون پر موصول ہونے والی کال کے بارے میں آگاہ کریں۔