صبر کریں، بہت جلد پی ایس ایل پاکستان میں ہو گی:فنکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپرلیگ فور کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے والے نامور فنکاروں میں شامل اداکار اور گلوکار فواد خان نے ویسٹ انڈیز کرکٹر ڈیرن سیمی کو پاکستانی قوم کا پسندیدہ کھلاڑی قرار دے دیا۔دبئی میں منعقد پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ’پی ایس ایل میں ڈیرن سیمی کی واپسی سے جذبہ مزید بڑھا ہے تاہم ہمارے نزدیک تمام کھلاڑی قابل احترام ہیں۔اس حوالے سے فواد خان نے امید ظاہر کی کہ ’تمام پی ایس ایل کامیاب رہے تاہم بتدریج پی ایس ایل پاکستان منتقل ہوجائیگا۔انہوں نے بتایا کہ ’پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کراچی میں ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل ایک ایسا مقابلہ ہے جس میں سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا جاتا ہے لیکن اس سے زیادہ تمام لوگوں کی ایک جگہ موجودگی سے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے مابین مربوط رابطے کا رحجان بڑھے گا اور مثبت بیغام پہنچے گا۔گلوکار علی عظمت نے کہا کہ ’پاکستان سمیت دبئی کے وسیع سٹیڈیم بھی تماشائیوں سے بھر جاتے ہیں تاہم یہ ایک پیغام ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں سیاحت تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔علی عظمت نے کہا کہ ’بیرونی دنیا میں پاکستان کا تشخص بری طرح مسخ ہے لیکن جو کوئی غیرملکی ملک میں آتا ہے تو غریب سے غریب شخص بھی اپنی ہمت کے مطابق میزبانی کرتا ہے اور وہ میزبانی کو کبھی نہیں بھولتا۔انہوں نے کہا کہ ’اگرکرکٹ، فلم اور میوزک کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثرمل رہا ہے تو ہم سب کی کوشش پوری ہوجائے گی۔فواد خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کاترانہ گانا میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور افتتاحی تقریب میں ینگ دیسی کے ساتھ بہترین پرفارم کریں گے۔