لاہور قلندرز کے عاطف رانا پی ایس ایل فائنل کھیلنے کے خواہشمند
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں کراچی میں ہونیوالا فائنل کھیلنا چاہتے ہیں۔ پہلا ہدف پلے آف مرحلے میں جگہ بنانا ہے۔ پلے آف سے ہوتے ہوئے فائنل بھی کھیلنا چاہتے ہیں۔ تینوں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے نتائج اچھے نہیں رہے، اس روایت کو بدلنا چاہتے ہیں۔ ہمارے فینز بھی ٹیم کو فتح یاب دیکھنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں بھی ہم نے اپنی طرف سے بھرپور کوشش کی تھی تاہم بہتر نتائج دینے میں کامیاب رہے۔ چوتھے ایڈیشن کے لیے ہماری اولین ترجیح پاکستانی اور اچھا کپتان تھا محمد حفیظ جب ڈرافٹ میں آئے تو ہمارے لیے انہیں منتخب کرنے کا اچھا موقع تھا اس مقصد کے حصول کے لیے ہم نے سنیل نارائن کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ٹریڈ کی تاکہ ہم پہلی پک بھی لیں اس طرح ہم اے بی ڈیویلیئرز کی خدمات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ہمارا دوسرا ہدف ڈیویلیئرز کو پاکستان لانا تھا اس معاملہ میں ہارون لورگاٹ نے بہت مدد کی اور اب اے بی ڈیویلیئرز بھی لاہور قلندرز کے ساتھ پاکستان کھیلنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں ہمیں ٹیم کے توازن کا مسئلہ رہا اس مرتبہ ہم نے متوازن ٹیم بنانے کی طرف توجہ دی ہے۔ اپنے مڈل آرڈر کو برینڈن، اے بی ڈیویلیئرز اور محمد حفیظ کی موجودگی سے مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے۔ چونکہ ہم نے لاہور میں کھیلنا تھا اس مقصد کے تحت ہم نے تین ماہ تک"میں ہوں قلندر" مہم چلائی تاکہ زندہ دلان لاہور کو متحرک کیا جائے، پاکستان سپر لیگ کو عوامی سطح پر مقبول بنایا جائے، عوام کا کرکٹ کے ساتھ تعلق مضبوط بنایا جائے، شائقین کا جوش و خروش پی ایس ایل کی طرف بڑھایا جائے اور دنیا میں ملک کا امیج بہتر بنایا جائے۔ اب تک تمام کاموں کا بہت اچھا رسپانس آیا ہے۔پوری توجہ ایونٹ پر ہے کھلاڑی بھی فوکس اور پر عزم ہیں۔ ہمارے اقدامات ملکی کرکٹ کی بہتری کے لیے ہیں۔ پی ایس ایل کو کامیاب برانڈ بنانے اسے عوامی سطح پر مقبول بنانے اور زندہ رکھنے کے لیے ہماری کاوشیں ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ ہم نے سب سے بڑھ کر اپنا سرمایہ لگایا ہے، لیگ کو وقت دیا ہے، اسے ایک جذبے کے تحت آگے بڑھایا ہے۔ لاہور قلندرز کی صورت میں ہمارا جوش و جذبہ، وطن اور کھیل سے محبت ساری دنیا کے سامنے ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب قلندرز دنیائے کرکٹ کا کامیاب برانڈ بنے گا۔