وزیراعظم ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے معاملات کا نوٹس لیں، اوورسیز پاکستانیوں کا مطالبہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بیرون ملک اور خصوصاً امریکہ میں رہائش پذیر پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اور دیگر اعلٰی حکام سے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اسلام آباد کے معاملات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ جی 14میں پلاٹس کے مالک ہیں اور اب تک ان کو پلاٹس کا قبضہ نہیں دیا گیا۔ بار بار پلاٹ کی قیمت کو مختلف نام دے کر بڑھایا جاتا رہا ہے۔ تمام پیسے ادا کرنے کے باوجود فاؤنڈیشن ٹس سے مس نہیں ہوئی ہے۔ ملک محمد رضوان، محمد کامران، محمد عاطف نے وزیراعظم کے نام درخواست جس کی ایک کاپی چیف آف آرمی سٹاف ، پی پی پی کے صدر آصف علی زرداری، سید خورشید شاہ، ڈی جی ہاؤسنگ کو بھی بھیجی گئی ہے۔ وزیراعظم اس کا نوٹس لیں اور ایف جی ای ایچ ایف کے امور کے چھان بین کرائی جائے اور ان کے پلاٹ دلوائے جائیں۔