2020 ء نوجوانوں کیلئے حقیقی تبدیلی کا سال ہو گا‘ عثمان ڈار
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈارنے کہا ہے کہ 2020 پاکستان میں نوجوانوں کے لئے حقیقی تبدیلی کا سال ہوگا۔ ماضی میں نوجوانوں کے تمام پروگرام سیاسی رشوت کے طور پر استعمال ہوتے رہے۔ 2013 ء میں پاکستان نوجوانوں کے لئے کام کرنے کے حوالے سے دنیا میں 89 ویں نمبر پر تھا اور آج یہ نمبر 154 واں ہے۔ جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں کو کس قدر مایوس کیا ہے۔ کرپشن کرپشن کھیل کر نوجوانوں میںمایوسی نہیں پھیلانا چاہتے۔ ماضی کے اچھے منصوبوں پر کام جاری رکھیں گے۔ نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ سماجی اور سیاسی سرگرمیوں میں ان کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور یہ تبدیلی جلد نظر آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں بیٹ رپورٹر کے اعزا ز میں ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نوجوانوں کو ایک کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے نیشنل جاب پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے۔ نوجوانوںکو ان کی قابلیت کے مطابق ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے پورٹل قائم کررہے ہیں۔ مختلف محکموں میں خالی آسامیوں سے متعلق جب درخواستیں طلب کی جائیںگی تو ان کو اس پورٹل پر بھی آویزاں کیا جائے گا۔