مرزا غالب کے ڈیڑھ سو سالہ یوم وفات پر نئی دہلی میں چار روزہ تقریبات
لاہور (خالد بہزاد ہاشمی / فیملی میگزین رپورٹ) مرزا اسداللہ خان غالب کے ڈیڑھ سو سالہ یوم وفات کی تقریبات کی تیاریاں نئی دہلی میں زور وشور سے جاری ہیں اور اس سلسلہ میں مختلف پروگرام تشکیل دئیے گئے ہیں۔ نئی دہلی سے غالب اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری عقیل احمد نے فیملی میگزین نوائے وقت کو ٹیلیفون پر بتا یا کہ ’’اس مرتبہ غالب اکیڈمی کا پچاسواں یوم تاسیس اور مرزا غالب کا ڈیڑھ سو سالہ یوم وفات بیک وقت منائے جا رہے ہیں۔ یہ چار روزہ تقریبات بستی حضرت خواجہ نظام الدین او لیاء میں 21 تا 24 فروری تک جاری رہیں گی۔ 21 فروری جمعرات کو شام چھ بجے محفل کلام غالب، جمعہ 22 فروری شام چھ بجے طرحی مشاعرہ ، ہفتہ23 فروری شام چھ بجے ڈرامہ، اتوار 24 فروری صبح دس بجے سیمینار غالب اکیڈمی آڈیٹوریم بستی نظام الدین اولیاء نئی دہلی میں پروفیسر شمیم حنفی کی صدارت میںمنعقد ہو نگے۔ غزل آرٹسٹ رادھیکا چوپڑا کلام غالب پیش کریں گی۔ طرحی مشاعرے میں گلزار دہلوی، جی آر کنول، وقار مانوی، شہپر رسول، فصیح اکمل قادری، متین امروہی، نسیم عباسی، خالد محمود، کوثر مظہری، اسد رضا، تابش مہدی، فاروق ارگلی، ظفر مراد آبادی، ممتا کرن، احمد محفوظ، عفت زریں، معین شاداب، احمد علی برقی، جاوید قمر، شکیل جمالی، کیلاش سمیر، جاوید مشیری، انا دہلوی، شہلا نواب، ودیا جین، جمیل مانوی، عادل حیات، شاہد انور اور نسیم گورکھپوری شامل ہیں۔ ڈرامے کا موضوع لال قلعہ کا آخری مشاعرہ جبکہ تحریر سید عالم کی ہے، سیمینار کا موضوع غالب اور غالب کے معاصرین ہیں جبکہ شرکاء میں ڈاکٹرشمیم حنفی، صدیق الرحمن قدوائی، قاضی افضال حسین، قاضی جمال حسین، شریف حسین قاسمی، نصیر احمد خان، ابن کنول، علی جاوید، مظہر مہدی، نجمہ رحمانی، وویک شکلا، سوامی دی اگ، مدن رائے، بالکمند، ثمر جہاں، حمیرہ اور شادا ب تبسم شامل ہیں۔