سپریم کورٹ میں آرٹیکل62ون ایف کیس کافیصلہ محفوظ

14 فروری 2018 (11:33)
سپریم کورٹ میں آرٹیکل62ون ایف کیس کافیصلہ محفوظ

سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62 (ون) (ایف) کے تحت نااہلی کی مدت کی تشریح کے لیے 17 اپیلوں پر سماعت کے دوران فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کو آئین کے اسی آرٹیکل کے تحت نااہل قراردیا گیا تھا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 5 رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے دلائل دیئے۔ اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بدھ کو سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں سنایا جائے گا۔