لودھراں کے عوام نے الزام تراشی کی سیاست کو مسترد کر دیا‘ مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں عوام نے الزامات ، انتشار ، فساد ، جھو ٹ اور گالم گلوچ کی سیاست کو مسترد کردیا ہے،عوام نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ نااہلیت کس طرح اہلیت میں تبدیل ہورہی ہے پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، مسلم لیگ (ن) نے 2013 میں جو وعدے کئے وہ پورے کئے اب ووٹ کے تقدس اور عدل کی بحالی کی تحریک پر کام کیا جائے گا۔منگل کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ لودھراں میں مسلم لیگ کی جیت پچھلے الیکشن میں پارٹی اور نواز شریف کی جانب سے کیئے گئے وعدوں کی تکمیل کی باعث ممکن ہوئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج عوام سے ان کے ووٹ کے تقدس اور عدل کی بحالی کا وعدہ بھی نواز شریف پورا کریں گے۔