الیکشن کمشن سینٹ انتخابات کو ہر صورت شفاف بنائے: جماعت اسلامی

14 فروری 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار )جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سیاسی اور جمہوری عمل میں اہلیت ، خدمت ، برداشت اور شائستگی ہی کارآمد اور مفید ہتھیار ہے۔ عدم برداشت ، بے بنیاد الزام تراشیاں ، نااہلی اور کرپٹ عمل جمہوریت کے عدم استحکام کا باعث بنتاہے۔ الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات کو ہر صورت صاف شفاف اور غیر جانبدار انہ بنائے ، ممبران کی خرید و فروخت کے اعلانیہ عمل کو رو کے ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پارٹی پوزیشن واضح ہے ، اپنے وجود اور وزن سے زیادہ حصہ کے دعوے دار ہارس ٹریڈنگ ہی کریں گے۔ میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے 2018کاالیکشن شفاف کروانے کی یقین دھانی خوش آئند ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ روپے پیسے،دھونس اور دھاندلی کی سیاست کواب مکمل طورپر ختم ہونا چاہئے۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستانی اسلام کے نام پر وجود میں آنے والی ریاست میں ویلنٹائن ڈے جیسی برائی کی کوئی گنجائش نہیں جو لڑکے اور لڑکیوں کے آزادانہ میل ملاپ کی حوصلہ افزائی کرے۔ اسلامی تہذیب کاا حیاء وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے۔