بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب اسی کی زبان میں دیا جائیگا‘ خرم دستگیر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر برائے دفاع خرم دستگیر نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے کوئی مہم جوئی کرنے کی کوشش کی تو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ منگل کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے کسی بھی جارحیت،تزویراتی غلط فہمی یا مہم جوئی کی شدت،طریقہ یا محل وقوع سے قطع نظر بھرپور جوابی کارروائی کی جائے گی اور برابری کی بنیاد پر بھرپور جواب دینگے ۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے کسی بھی ٹھوس ثبوت کے بغیر پاکستان پر الزام لگانے کے بھونڈے عمل کی بجائے بھارت کوپاکستان کیخلاف ریاستی سطح پر کی جانیوالی سازشوں کا جواب دینا چاہیے جس کا زندہ جاگتا ثبوت کلبھوشن یادیو کی شکل میں پوری دنیا کے سامنے ہے۔بھارت 11سال قبل اسی ہفتہ میں سمجھوتہ ایکسپریس میں ہونیوالی دہشتگردی میں 42پاکستانیوں کے قتل پر انصاف کی فراہمی کرنے میں ناکام رہا ہے۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ بھارت درحقیقت ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول پر 2017ء سے 5 گناہ زیادہ فوجی حملوں اور ایٹمی ڈیٹرنیٹ بارے میں غیر ذمہ داربیانات دے کر خطہ میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج تمام امکانات بارے چوکس اور چوکنا ہیں اور وہ اپنی علاقائی یکجہتی اور ملکی استحکام کے لیے ملکی دفاع کیلئے بھرپور اور مکمل طور پر تیار ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کو زمینی، بحری اور فضائی حدود کا دفاع کرنے کے سلسلہ میں عوام کی بھرپور اور مکمل حمایت اور تعاون حاصل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کیخلاف بھارتی حکومت کی ممکنہ تزویراتی غلط فہمی پر مبنی کارروائی سے جنوبی ایشیاء بھر کا سٹرٹیجک استحکام متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کوپاکستان کیخلاف ریاستی سطح پر کی جانیوالی سازشوں کا جواب دینا چاہیے۔