سپر لیگ ، لاہور قلندر اور بنک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ
لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں شامل لاہور قلندر ٹیم اور بنک آف پنجاب کے درمیان سپانسر شپ معاہدہ طے پا گیا ہے۔لاہور کے مقامی ہوٹل میں لاہور قلندر کے سربراہ رانا فواد نے بنک کے نمائندے تیمور افضل کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ لاہور قلندر کے نائب کپتان فخر زمان اور مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل بھی موجود تھے۔ رانا فواد کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ لاہور قلندر اپنے شائقین کو مایوس نہیں کرئے گی۔ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ملک کا بڑا پنجاب بنک ہمارے ساتھ ہاتھ ملا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پہلے دو ایڈیشن میں لاہور قلندر پنجاب کی واحد ٹیم تھی اب ملتان سلطان بھی پنجاب کی نمائندگی کرئے گی اسے ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔ لاہور قلندر نے یوتھ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا ہے۔ ہم نے پنجاب بھر میں یوتھ کو مواقع دینے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کیا جس میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار بچوں نے حصہ لیا۔ پنجاب بنک کے تیمور افضل کا کہنا تھا کہ ہمارا بنک گذشتہ آٹھ دس سال سے بڑی محنت کر کے اپنا نام بنا رہا تھا اب اس پوزیشن میں آ گئے ہیں کہ کسی شعبہ کو سپانسر کر سکیں۔ ہماری نیک تمنائیں ہیں کہ اس مرتبہ لاہور قلندر ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کرئے۔