جنازہ گاہ کا کمرشل استعمال بند کرایا جائے: دلدار احمد
میلسی(نامہ نگار)مذہبی رہنماء دلدار احمد رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جعلی اور خود ساختہ سجادہ نشین دربار بابا نتھے شاہ ؒ زاہد احمد خان شیروانی نے دربار اور مسجد کے بعد اپنی کرپشن کا دائرہ بڑھانے کیلئے اب شہر کی مشترکہ جنازہ گاہ پر قبضہ کر کے جنازہ گاہ کے سٹور کو کرایہ پر دیدیا ہے جبکہ عقبی پلاٹ پر شلفیں بنانے کی فیکٹری بنوا دی جہاں مبینہ طور پر بلدیہ میلسی کے سرکاری کنکشن سے بجلی کی بھی چوری شروع کر رکھی ہے اور اب جنازہ گاہ کے محراب پر کلمہ طیبہ لکھوانے کی بجائے سستی شہرت کیلئے اپنا نام تحریر کروا کر قابل مذمت حرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جنازہ گاہ پر قبضہ اور اس کی جائیداد کو کرایہ پر دیکر شہریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے بلدیہ کی بجلی کی چوری بھی سوالیہ نشان ہے انتظامیہ فوری نوٹس لے اور جنازہ گاہ کا کمرشل استعمال بند کروایا جائے ۔