شہداء کی جرات و بہادری کو فراموش نہیں کیا جا سکتا: سی ٹی او
لاہور(نامہ نگار)چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز احمدنے کہا ہے کہ شہداء کسی بھی قوم و ملک کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ ان کی جرات اور بہادری کی داستانوں کو ہرگز فراموش نہیں کی جاسکتا۔شہریوںکے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے جان کا نذرانہ دینے والے افسران و اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمارا ایک مضبوط رشتہ قائم ہے اور شہداء قوم و ملت کی سلامتی کو برقرار رکھنے کی روشن مثالیں ہیں۔بزدلانہ کاروائیاں نوجوانوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتیں۔شہداء کسی بھی معاشرہ میں رول ماڈل اور قومی ہیروز کا درجہ رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز شہداء چیئر نگ کراس مال روڈ کی پہلی برسی کے موقع پر شہید کیپٹن(ر)سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر شہید کیپٹن(ر)سید احمد مبین کی والدہ اور دیگر عزیز و اقارب ، ایس پی کینٹ نویداور ٹریفک وارڈنز کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہدا ء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ لاہور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قبر پر سلامی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر رائے اعجاز احمدنے مزیدکہاکہ ہم اپنے ہیروز کی خدمات اورقربانیوں کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے یاد رکھیں گے۔علاوہ ازیں ٹریفک وارڈنز کی طرف سے شہداء مال روڈ کے درجات کی بلندی کیلئے ٹریفک پولیس لائن مناواں میں فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔