ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا نام دنیا کی کامیاب ترین خواتین سفارتکاروں میں شامل
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا نام دنیا کی 5 کامیاب ترین خواتین سفارتکاروں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔ روس میں 10 فروری کو سفارتکاروں کے عالمی دن کے موقع پر روسی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کردہ فہرست میں روس کی سفارتکار الیانورا مترافونوا سرفہرست ہیں جبکہ دیگر خاتون سفارتکاروں میں کرغیزستان کی روزاتن بائیوا، ہالینڈ کی رینے جونزبوس اور سویڈن کی ایلوا ماڈال شامل ہیں۔
ملیحہ لودھی دو مرتبہ امریکہ میں پاکستانی سفیر تعینات رہیں اور اسکے علاوہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کے عہدے پر بھی اپنے فرائض انجام دے چکی ہیں۔وہ جس عہدے پر بھی رہیں محنت شاقہ سے اپنا مقام بنایا اور پاکستان کا نکتہ نظر پوری صراحت اور وضاحت کے ساتھ پیش کیا۔ پاک امریکہ تعلقات مدوجزر کاشکار رہے۔ انکی مشرف دور کے ابتدائی دنوں میں امریکہ میں بطور سفیر تعیناتی ہوئی۔ انہوں نے امریکہ کی آمریت کے حوالے سے سخت سوچ کے باوجود پاکستان امریکہ تعلقات میں کشیدگی نہیں آنے دی۔ اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کی تعیناتی کے دوران انہوں نے بھارت کو مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ زچ کئے رکھا۔ سفارتکاری میں انکی مہارت مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر شدت کے ساتھ اجاگر کرنے میں ممدو معاون ثابت ہوئی۔ بہترین سفارتکاری اور ملکی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں 2002ء میں‘ بلال امتیاز ایوارڈ سے نوازا گیا، ان کی دفاعی اور اقتصادی امور پر بھی گرفت ہے۔ ان کا دنیا کی کامیاب ترین خواتین میں نام آنا پاکستان کیلئے قابل فخر ہے اور انکی سفارتکاری کے میدان میں مہارت اس شعبے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور طلباء کیلئے ایک مثال اور مشعل راہ ہے۔