وزیر اعلیٰ پنجاب کا ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کا عزم

14 فروری 2018

ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنا رہے ہیں۔ وعدے پورے کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں، شہباز شریف۔
پنجاب حکومت نے صوبے میں جاری اربوں روپے مالیت کے جن منصوبوں کا آغاز کیا ان کی تعمیر اور بروقت تکمیل کے ساتھ وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی کڑی مانیٹرنگ کی بدولت ان منصوبوں کی لاگت میں بھی جو نمایاں کمی آئی اس سے ملکی خزانہ کو اربوں روپے کی بچت ہوئی ہے جو قابل تحسین ہے۔اسکے علاوہ بھی ترقیاتی منصوبوں کی شفاف طریقے سے شروعات انکی بروقت تکمیل اور انکی لاگت میں کمی کے ساتھ ان میں کسی قسم کی کرپشن روکنے کیلئے بھی وزیراعلیٰ پنجاب پرعزم ہیں۔ شہباز شریف کے دور میں جس طرح پنجاب میں میرٹ پر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن پر قابو پانے کی کوشش ہو رہی ہے وہ حقیقت میں دوسرے صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔ ملک اور بیرون ملک بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی کڑی نگرانی شفافیت اور ترقیاتی منصوبوں میں بچت اور انکے تیز رفتاری کی تعریف ہو رہی ہے۔ خود سپریم کورٹ نے بھی عدالتی احکامات کی بجاآوری اور پنجاب حکومت کی دوسرے صوبوں کی نسبت بہتر کارکردگی کو سراہا ہے۔ اب الیکشن سر پر ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب اس میں اپنی کارکردگی کیش کرا سکتے ہیں۔ وہ پنجاب میں مہنگائی میں کمی اور مضر صحت اشیائے خورد و نوش کی فروخت پر قابو پانے کے سخت اقدامات کر کے عوام کو مزید ریلیف دیں تو ان کا نام تادیر یاد رکھا جائیگا۔