اربوں روپے کے پروگرارموں کا افتتاح، خون سے لکھ کر دیتا ہوں عالمی، ایشیائی بنک سے مانگ کر مسائل حل نہیں ہونگے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی وسائل کی ترقی کے بغیر معاشی اہداف کا حصول ممکن نہیں ہے۔ اعلیٰ معیار کی ہیومن ریسورس معاشی و سماجی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ پنجاب حکومت نے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ صوبے کے ہر بچے، ماں، باپ اور ہر شہری کو معیاری بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے زیراہتمام 2 روزہ ’’پنجاب ہیومن ڈویلپمنٹ فورم 2018‘‘ کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے لئے اس انتہائی اہم فورم میں شرکت باعث مسرت ہے اور یہ فورم انسانی وسائل کی ترقی کے حوالے سے سودمند ثابت ہوگا۔ پنجاب حکومت نے تعلیم، صحت، فنی تعلیم، انفراسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی ہے اور صوبے میں اچھی طرز حکمرانی کو فروغ دیا ہے۔ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی بڑا چیلنج ہے اور ہم نے صوبے کے ہر شہری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا عزم کر رکھا ہے۔ اس مقصد کیلئے ہم نے ایک بڑا پروگرام شروع کیا ہے، تاہم اس میں ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا ہے اورہمیں اس پروگرام میںدھچکا بھی لگا۔ اہل ہیومن ریسورس، پروفیشنلزم کی کمی اور دیگر وجوہات کے باعث اس پروگرام میں ہمیں خاطرخواہ کامیابی نہیں ملی ہے۔ کپیسٹی کے ایشوز صرف پنجاب کے نہیں بلکہ پورے پاکستان میں موجود ہیں اور انہیں حل کئے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ فلاح عامہ کے منصوبوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے کوالٹی ہیومن ریسورس ضروری ہے، ہمیں اپنی غلطیوں اور خامیوں کو تسلیم کر کے آگے بڑھنا ہے کیونکہ غلطیوں سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھنے سے ہی مثبت نتائج ملتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ماضی کی حکومتیں گزشتہ 70 سالوں سے ’’سب اچھا‘‘ کا راگ الاپتی رہی ہیں اور حقائق کو نظرانداز کیا گیا ہے اور دعوے کیے گئے کہ یہاں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں۔ 2007 میں ڈکٹیٹر جنرل مشرف نے بھاشا ڈیم کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر عوام کو دھوکہ دیا حالانکہ اس منصوبے کیلئے نہ تو ڈیزائن تھا، نہ ہی زمین تھی، نہ ہی منظوری لی گئی اور نہ ہی وسائل کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ماضی کی حکومتوں نے ایسے غلط اور بلند بانگ دعووں نے اس قوم کے اعتماد کو بے پناہ ٹھیس پہنچائی ہے۔ موجودہ حکومت نے ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کیں جو بارآور ثابت ہوئیں۔ اپنے وسائل سے 5 ہزار میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ہیں، ہم نے یہ منصوبے ورلڈ بینک یا ایشیائی ترقیاتی بنک سے قرضے لے کر نہیں لگائے بلکہ پاکستان کے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے لگائے ہیں۔ جس تیز رفتاری اور شفافیت سے بجلی کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اس کی ملک اور دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں۔دنیا میں بھی اتنی تیزرفتاری کیساتھ بجلی کے منصوبوں کو مکمل نہیں کیاگیا جس تیزی سے ہماری حکومت نے ان منصوبوں کو مکمل کیا۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی بھی پاکستان کو درپیش ایک بڑا مسئلہ تھا اور اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے پاک فوج، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے افسران، جوانوں اور بچوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب ملک سے ہمیشہ کیلئے دہشت گردی و انتہاپسندی کا خاتمہ ہو جائے گا۔قومی عزم اور متحدہ کاوشوں کی ایک اور مثال پاکستان کا ایٹمی قوت بننا ہے۔ ہم نے نیوکلیئر طاقت کسی جارحیت کیلئے نہیں بلکہ دفاعی مقاصد کیلئے حاصل کی ہے اور یہ بھی پوری قوم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ اسی عزم اور جذبے سے کام کیا جائے تو کوئی چیلنج چیلنج نہیں رہے گا اور ہمیں بھکاری پن سے بھی نجات مل جائے گی اور پاکستان بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام حاصل کرلے گا اور ہم امداد دینے والے ملک بن جائیںگے اور اپنی منزل کا خود تعین کرسکیںگے۔ اس ملک کی اشرافیہ کو تو تمام سہولتیں دستیاب ہوں جبکہ عام آدمی بنیادی سہولتوں کیلئے بھی مارا مارا پھرے، ہمیں اس تفاوت کو ختم کرنا ہے۔ ملک میں خونیں انقلاب روکنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے اور امیر اور غریب کے درمیان خلیج کو کم کیا جائے۔ ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے ،اسی طرح ہم خونیں انقلاب کو نرم انقلاب میں بدل سکتے ہیں۔یہ قائد ؒ کا پاکستان نہیں کہ امیر کے پاس ہر سہولت موجود ہو اورغریب علاج کے بغیر دنیا سے چلا جائے۔ اگر ہم نے اس نظام کو نہ بدلا تو پھر خونیں انقلاب کو کوئی نہیں روک سکتا۔ پاکستان کے قیام کا مقصد یہاں یکساں نظام کا نفاذ تھا اور اسی مقصد کیلئے ہمارے آبائو اجداد نے قربانیاں دی تھیں۔ فلاحی منصوبو ںکیلئے ہمیں اپنے وسائل خود پیدا کرنا ہیں اور ہمیں اتحاد کی قوت سے خودانحصاری کی منزل کی جانب بڑھنا ہے۔ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، ڈیفڈ اور دیگر ڈونرز اداروں کے تعاون کو ہم تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تاہم یہ ادارے ہمیشہ ہماری مدد کو نہیں آئیں گے، ہمیں اپنے وسائل خود پیدا کرنا ہیں اور اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہے، بصورت دیگر ہم کشکول گدائی سے کبھی جان نہیں چھڑا سکتے۔ یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ میں اپنے خون کے ساتھ یہ لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے مانگنے سے ہمارے مسائل حل نہیں ہوںگے۔ ہمیں اپنے وسائل خود پیدا کرنے ہوں گے، مانگے تانگے کی زندگی سے ترقی نہیں ہوتی۔ پاکستان اس لئے نہیں بنا تھا کہ ہم کسی کے آگے ہاتھ پھیلائیں۔ ملک انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلئے ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہے اور تاریخ کا دھارا موڑنا ہے، اس مقصد کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیںبہت سے چیلنجز درپیش ہیں اور اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم اکٹھے ہوکرکام کریں، ہر بچے کو بااختیار بنانے کیلئے، ہر ماں کو اس کا حق دینے کیلئے، ہر باپ کو روزگار کی فراہمی کیلئے اور ہر مریض کو معیاری ادویات کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا اور اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیںگے جب تک یہ تمام لوگ بااختیار نہیں ہوجاتے۔ وزیراعلیٰ نے ڈونرز اداروں کو یقین دلایا کہ آپ کی جانب سے دیئے گئے وسائل کی پائی پائی ایمانداری کیساتھ پہلے بھی عوام پر خرچ کی گئی ہے اور آئندہ بھی کریں گے اور ہم آپ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم نے قوم کی حالت کو بدلنا ہے اور آج ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہے کہ قوم کی حالت بدلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے فورم کے دوران حکومت پنجاب کے اربوں روپے کے پروگراموں کا افتتاح بھی کیا۔ شہبازشریف نے وزیراعلیٰ سٹنٹنگ پروگرام کا افتتاح کیا، یہ پروگرام 9ارب روپے کی لاگت سے جنوبی پنجاب میں شروع کیا گیا ہے اور یہ اس پروگرام کے تحت ماں اور بچے کیلئے غذائیت کو بہتر بنایاجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے 11اضلاع کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی اورنکاسی آب کے پروگرام کا بھی افتتاح کیا۔ اس پروگرام پر 3ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے قیام کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ہیومن کیپٹل ریو 2018ء کی رپورٹ اور سالانہ ہیلتھ ڈویلپمنٹ رپورٹ کو بھی لانچ کیا۔شہباز شریف سے برطانیہ کی وزیراعظم کے پاکستان کیلئے تجارتی ایلچی و رکن پارلیمنٹ رحمان چشتی کی قیادت میں سرمایہ کا روں کے وفد نے ملاقات کی۔ رحمان چشتی اوربرطانوی وفد نے صوبے پنجاب کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے شاندار کام کررہے ہیں اورصوبے کے عوام کی خدمت کیلئے آپ کا ویژن قابل تعریف ہے۔محمد شہبازشریف نے چیئرنگ کراس دھماکے کے شہداء کی پہلی برسی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ پولیس افسروں و اہلکاروں کا لہو رائیگاں نہیں جائیگا۔ ان افسران کی شہادت ملک و قوم کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔