لندن :پہلی بار کوئی پارٹی اقتدار میں آنے سے پہلے ہی مقبولیت کھو رہی ہے، پی ٹی آئی ورکرز پر ترس آ رہا ہے: ریحام خان
لندن (این این آئی) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ لوھراں کے ضمنی میں انتخاب میں پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست ہوئی، پہلی بار کوئی پارٹی اقتدار میں آنے سے پہلے ہی مقبولیت کھورہی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ورکرز اور نظریاتی حامیوں پر ترس آرہاہے، یہ نواز شریف یا مریم نواز کو سازش کی وجہ سمجھتے ہیں اور جب یہ بہت زیادہ بوکھلاجاتے ہیں تو مجھ جیسے لوگوں پر حملہ کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت کو جوابدہ ہونا پڑے گا کہ علی جہانگیر ترین کے انتخاب میںکیا نوازشریف کی سازش تھی؟ یا خدانخواستہ ریحام خان کی صلاح تھی؟ پی ٹی آئی کو بہانہ بازی ختم کرنا ہوگی، ووٹرز نے آپ کو مسترد کیا کیونکہ آپ نظریے سے جداہوگئے، آپ نے موروثی سیاست کو جگہ دی، آپ نے ووٹرز پر واضح کر دیا موروثی سیاست ہے اور ایسا ہی ہوگا، آپ نے بتا دیا ساری پارٹیوں سے کچرا پی ٹی آئی میں لائیں گے۔ پی ٹی آئی سٹیٹس کو پر حملہ کررہی تھی خود ہی اس کی سستی کاپی بن کر ابھری ہے۔ پی ٹی آئی میں تین دھڑے کھل کر سامنے آگئے ہیں۔