لاہور، گوجرانوالہ: سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں میں کرپشن، نیب نے تحقیقات شروع کردی
گوجرانوالہ+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) نیب نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں میں کرپشن اور بے ضابطگیوں پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی لاہور اور گوجرانوالہ کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے نیب کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسران نے ٹھیکیداروں سے مبینہ طور پر سازباز کرکے کوڑا اٹھانے میں اربوں کی خوردبرد کی ہے جس میں افسران سمیت 100سے زائد اہلکار اور ٹھیکیدار ملوث ہیں۔ دوسری طرف سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی گوجرانوالہ میں 17کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کیس میں سابق ایم ڈی ڈاکٹر عطا الحق سمیت5 افسران کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ملزمان میں سابق ایم ڈی ڈاکٹر عطا الحق، سینئر منیجر ایچ آر و ایڈمن محمد کلیم شہزاد،سینئر منیجر آپریشن رانا مراد علی خان، سینئر منیجر ورکشاپ محمد تاب قوسین، اسسٹنٹ منیجر ورکشاپ عزیر ارسم نامزد کئے گئے۔ اکائونٹس اور فنانس کے بے ضابطگیوں کے ذمہ دار آفیسرز کا دوران تحقیقات تعین کیا جائے گا، اس سلسلے میں ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فرید احمد نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل اور سرکل آفیسر اینٹی کرپشن عامر حسین سندھو پر مشتمل انکوائری ٹیم تشکیل دیدی ہے جوکہ دیگر ذمہ داران کو نامزد کرے گی۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں گھپلوں کی شکایات سامنے آنے پر وزیر اعلی شہباز شریف کے حکم پر تحقیقات کی گئیں۔ سالڈ ویسٹ کے تمام بلوں، ووچرز اور ادائیگیوں کا ریکارڈ قبضے میں لے کر اس کی مکمل چھان بین کی۔ انکوایٔری رپورٹ کے مطابق سابق ایم ڈی ڈاکٹر عطا الحق نے گرین ٹیک کے نام سے اپنی فرضی پرائیویٹ کمپنی بنائی۔ کمپنی کے ذریعے گاڑیاں رینٹ پر لی گئیں حالانکہ یہ گاڑیاں خریدی بھی جاسکتی تھیں۔رپورٹ کے مطابق گاڑیوں کے پٹرول، مشینری اور دیگر اشیاء کی خریداری کی مد میں کرپشن ہوئی۔کروڑوں روپے خرچ کئے گئے جن کی ہی موجود نہیں ہیں۔نیب نے بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں ہونے والی ادائیگیوںکا 4سالہ ریکارڈ طلب کرلیا اس دوران مقرر ہونے والے چیئرمین اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تمام ارکان کے نام مانگ لئے ۔حکام کے مطابق سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں گھپلوں کی شکایات سامنے آنے پر وزیر اعلی شہباز شریف نے پنجاب کے تین سینئر افسران ڈائریکٹر جنرل انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ لوکل گونمنٹ پنجاب محمود مسعود تمنا، منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ عامر نزیر اور جی ایم فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن شہزاد خان شیروانی پر مشتمل انکوائری ٹیم تشکیل دی تھی ، گھپلوں کی تصدیق کرتے رپورٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو پیش کردی تھی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے صوبائی ٹیم کی جاری کردہ تحقیقاتی رپورٹ کی باقاعدہ منظوری دیتے سیکرٹری بلدیات اور ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی کرپشن کو بھجوادیا تھا۔ ریجنل ڈائریکٹر فرید احمد نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل فیصل نوید پر مشتمل ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی جس نے تمام بلوں، ووچرز اور ادائیگیوں کا ریکارڈ قبضے میں لے کر اس کی مکمل چھان بین کی‘ ذرائع کے مطابق اگلے مرحلے میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کو شامل تفتیش کرنے کا مقصد اس بات کا کھوج لگانا ہے اس سلسلے میں چار سالوں کے دوران ہونے والی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے مندرجات اور تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی۔میئر شیخ ثروت اکرام نے بتایا کہ نیب نے جو ریکارڈ مانگا ہے وہ اسے بھجوادیا جائیگا اور نیب کی تحقیقات کے دوران مکمل تعاون کیا جائیگا۔