سقوط ڈھاکہ کا بدلہ کشمیر میں لیں گے: دفاع پاکستان کونسل
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے رہنمائوں ، مسیحی اور سکھ برادری کے نمائندوںنے دفاع پاکستان کونسل لاہور کے تحت کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیریوں کی تحریک آزادی اور عقیدہ ختم نبوت سے غداری کرنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔ سقوط ڈھاکہ کا بدلہ کشمیر میں لیں گے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘ حکمران بھارت سے دوستی کی بجائے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دیں۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ مظلوم کشمیریوں سے لاالہ الااللہ کا رشتہ ہے۔ اہل کشمیر کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور اقلیتیں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔حافظ محمد سعید کشمیریوں کی طرح عیسائی او رہندو برادری کی بھی مدد کر رہے ہیں۔ اقلیتوں کو پاکستان میں سب سے زیادہ حقوق حاصل ہیں۔ مقامی شادی ہال میں مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ہونے والے سیمینار سے دفاع پاکستان کونسل او رجماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ، جمشید اقبال چیمہ، حافظ طلحہ سعید، حافظ شفیق الرحمان،شیخ نعیم بادشاہ، ابوالہاشم ربانی، چوہدری احسان الرحمن،مولانا فضل الرحمن ، قاری یوسف احرار، کرامت پادری، سردار آفتاب احمد ورک،سردار گوپال سنگھ چاولہ ، علامہ یونس حسن، مولانا فہیم الحسن تھانوی، پروفیسر عتیق اللہ، سید حسن باری ،حافظ عبید الرحمان ایڈوکیٹ ،محمد علی یزدانی ،مولانا محمد ادریس فاروقی، راجندر سنگھ، محمد فیاض خان، حافظ لطف اللہ و دیگر نے خطاب کیا۔ مسیحی اور سکھ برادری کے رہنمائوں نے کشمیریوں کیلئے بھرپور جدوجہد آزادی پر حافظ محمد سعید کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا وہ اس جدوجہد آزادی میںا ن کے ساتھ ہیں۔ مولانا امیر حمزہ نے کہا سارے دریا مقبوضہ کشمیر سے پاکستان آتے ہیں۔ انڈیا کا سوائے ایک ٹنل کے کشمیر سے کوئی راستہ نہیں ملتا ‘ وہ بھی گورداس پور سے جاتا ہے جس پر بھارت نے زبردستی قبضہ کیا۔ بھارت نے اپنی نصف فوج کشمیر میں داخل کر رکھی ہے۔ مودی نے بنگلہ دیش جاکر دہشت گردی کا اعتراف کیا اور کہا اس نے پاکستان دولخت کرنے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر جغرافیائی لحاظ اور عقیدہ کی بنا پر پاکستان کا حصہ ہے۔ حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، سیدہ آسیہ اندرابی و دیگر نے کہا پاکستان ایک مسجد کی مانند ہے۔کشمیری پاکستان سے پیار کرتے ہیں۔کشمیری شہداء کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کیا جاتا ہے۔ تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہا بعض لوگ یہاں بیٹھ کر بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔ جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ طلحہ سعید نے کہا بھارت سب سے بڑا دہشت گرد ہے جو پروپیگنڈا کر کے دنیا کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے افسوس اسلام آباد کے حکمران ابہام کا شکار ہیں۔ ورلڈ کالمسٹ کلب کے چیئرمین حافظ شفیق الرحمان نے کہا جنوبی ایشیا میں اسوقت تک امن قائم نہیں ہو گا جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں دے دیا جاتا۔ دفاع پاکستان کونسل لاہور کے کو آرڈنیٹر شیخ نعیم بادشاہ نے کہا کشمیر میں اتنا خون بہہ چکا ہے اس تحریک کو روکنا بھارت کے بس میں نہیں۔جماعۃ الدعوۃ لاہور کے مسئول ابوالہاشم ربانی نے کہا کشمیری ہر روز بھارتی فوج کا ظلم و ستم سہتے ہیں ہمیں ایک دن بات کر کے بیٹھ نہیں جانا چاہئے۔ چیئرمین پنجابی سکھ سنگت سردار گوپال سنگھ چاولہ نے کہا غلامی کا پوچھنا ہے تو کشمیریوں اور بھارت میں رہنے والے سکھوں سے پوچھ لیں۔ پاکستان زندہ باد پارٹی کے بانی چیئرمین سردار آفتاب احمد ورک نے کہا کشمیر کی آزادی اور ہندوستان کا منہ توڑ نے کیلئے اس ملک میں حافظ محمد سعید نے سب سے کلیدی کردارا دا کیا ہے۔پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری احسان الرحمن نے کہا ہمیں عملی طور پر کشمیریوں کی آزادی کیلئے کام کرنا چاہیے۔ مجلس احرار اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد یوسف احرار ، جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں راشد، جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمن، جماعت اساتذہ پاکستان کے صدر پروفیسر عتیق اللہ، سید حسن باری، حافظ عبید الرحمان ایڈوکیٹ، محمد علی یزدانی، مولانا محمد ادریس فاروقی، راجندر سنگھ، محمد فیاض خان، حافظ لطف اللہ ودیگر نے کہا کشمیر میں پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ کے نعرے لگائے جارہے ہیں۔