لودھراں والوں نے نوازشریف کا نعرہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ سینے سے لگا لیا: خواجہ آصف لعنت ملامت کی سیاست دفن ہو گئی‘ ووٹ کی حرمت کو تسلیم کرو: سعد رفیق
لاہور (آئی این پی + این این آئی) وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو گالی دینا ووٹر کو گالی دینے کے مترادف ہے۔ لودھراں کے عوام نے (ن) لیگی امیدوار کو کامیاب کراکے نوازشریف کے اس نعرے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کو اپنے سینے سے لگا لیا ہے۔ وزیرخارجہ نے ان خیالات کا اظہار ایک ٹویٹ میں کیا۔ علاوہ ازیں اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لعنت ملامت کی گندی سیاست اہل لودھراں کے ووٹوں تلے دفن ہو گئی ہے۔ گالی نہیں دلیل‘ سازش نہیں عمل‘ ظلم نہیں عدل‘ جھوٹ نہیں سچ‘ دعوے نہیں خدمت‘ کام کام اور صرف کام مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پہچان ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں سعد رفیق نے کہا کہ چکوال کے بعد لودھراں کا پغام سن لو‘ ووٹ کی حرمت کو تسلیم کرو‘ اکثریت پر اقلیت کے فیصلے مت ٹھونسو۔