سپریم کورٹ میں الیکشن ریفارمز ایکٹ سے متعلق کیس کی سماعت
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں الیکشن ریفارمز ایکٹ 2017 ء سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پارٹی سربراہ سینٹ کے ٹکٹس جاری کررہا ہے اگر قانون کالعدم ہوگیا تو ان ٹکٹس کی کیا حیثیت ہوگی؟ آئندہ سماعت پر تیاری کرکے آئیں‘ عدالت کی حکومتی وکیل کو ہدایت جبکہ کیس کی سماعت (آج) بدھ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے منگل کو سپریم کورٹ میں الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف کیس کی سماعت کی تو۔ مسلم لیگ (ن) کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کیس کے التواء کی درخواست کردی اس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ پارٹی سربراہ سینٹ کے ٹکٹس دے رہا ہے قانون کالعدم ہوگیا تو ٹکٹس کا کیا بنے گا۔ الیکشن ایکٹ 2017 ء کے خلاف درخواست گزاروں کے وکلاء اپنے دلائل مکمل کرچکے ہیں جبکہ نواز شریف نے اس مقدمے میں فریق بننے سے پہلے ہی انکار کر دیا ہے کیس کی مزید سماعت (آج) بدھ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔
الیکشن ریفارمز ایکٹ