لودھراں نتیجہ، اب ووٹ کارکردگی پر ملے گا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نا مہ نگار) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں عوام نے الزامات، انتشار، فساد، جھو ٹ اور گالم گلوچ کی سیاست کو مسترد کردیا ہے،عوام نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ نااہلیت کس طرح اہلیت میں تبدیل ہورہی ہے پورا پاکستان دیکھ رہا ہے،مسلم لیگ (ن)نے 2013 میں جو وعدے کئے وہ پورے کئے اب ووٹ کے تقدس اور عدل کی بحالی کی تحریک پر کام کیا جائے گا۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ لودھراں کا الیکشن دوہزار اٹھارہ کے الیکشن کا پہلا چاند ہے، اب ووٹ صرف کارکردگی پر ملے گا، مخالفین کو اب سمجھ لینا چاہیئے کہ پاکستانی عوام کس کو ووٹ دے گی، سی پیک لانے والے کو یا کنٹینر سجانے والے کو، دہشت گردی ختم کرنے والے کو ووٹ دے یا پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے کو، جنہوں نے لوگوں کو گالی دی، ساڑھے چار سال کے دوران ایک بھی منصوبہ پاکستان اور بالخصوص خیبر پی کے کے عوام کے لئے نہیں بنایا۔ یہ فرق پاکستانی عوام سمجھ چکی ہے، عوام سے ان کے ووٹ کے تقدس اور عدل کی بحالی کا وعدہ بھی نواز شریف پورا کریں گے، نواز شریف جب جب وزیراعظم بنے انہوں نے عوام کی خدمت کر کے دکھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف کے پی میں وہ کہتے ہیں ہم ایم او یو سے بجلی بنا رہے ہیں۔ 2013 میں کہا تھا کہ اتنی بجلی بنائوں گا کہ پورے ملک کو دوں گا۔ آج ان کے حصہ کی بجلی بھی پنجاب نے بنائی، ان کا کہنا تھا کہ منتخب وزیراعظم کو جب گھر بھیجا جاتا ہے اور ان کے ووٹ کے تقدس کی پامالی ہوتی ہے۔ اس وقت جب محمد نواز شریف نے علم اٹھایا ہے کہ آئندہ پاکستان میں جس کو ووٹ دیا جائے گا۔ وہی وزیراعظم بنے گا اور وہی اپنی مدت پوری کرے گا۔
مریم اورنگزیب