پیپلز پارٹی ‘ متحدہ تنازعے سے فائدہ نہیں اٹھ رہی‘ سکندر میندھرو
نواب شاہ ( نامہ نگار ) پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز برائے طالبات کے کنوونشن میں شرکت کے بعد صوبائی وزیر صحت سکندر علی میندھرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ایم کیو ایم پاکستان کے تنازعہ سے کوئی فائدہ نہیں اٹھا رہی ہے اور یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے ہماری دعا ہے کہ یہ لوگ آپس میں بن جائیں ہم تو اپنے پیروں پر کھڑے ہیں ۔ ان کے پیر ڈگمگارہے ہیں۔ سنبھل جائیں تو اچھا ہوگا۔ یہی جمہوریت کا حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پر کسی کا حق نہیں ہے ۔ کراچی سب کا ہے۔ یہاں کا ووٹر آزاد ہے جسے چاہے ووٹ دے ۔ اب ڈر اور خوف والی بات ختم ہوئی ہے۔ جب جنرل الیکشن ہوں گے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے شعبہ صحت کی بہتری کے لئے 5400ڈاکٹرز کو نوکریاں دی ہیں اور مزید دو ہزار آسامیوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ رائو انوار نے اسلام آباد ایئرپورٹ سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنادیا گیا۔