پی پی ایل کا لیڈی ڈیفرن ہسپتال کے لئے 90لاکھ روپے کا عطیہ
کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) نے آپریشن تھیٹر کے لئے آلات کی خریدداری کے لئے لیڈی ڈیفرن ہسپتال (ایل ڈی ایچ)، کراچی کو 9.02 ملین روپے کا عطیہ دیا۔ ایم ڈ ی و سی ای او پی پی ایل سید وامق بخاری نے کمپنی کے ہیڈ آفس میں ا یل ڈی ایچ کی انتظامی کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر فریدون سیٹنااور میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر زریاب سیٹنا کو عطیئے کا چیک دیا۔اس موقع پر دونوں اداروں کے عہدیداران بھی موجود تھے۔اس موقع پروامق بخاری نے کہا کہ " ایک بڑے قومی ادارے کی حیثیت سے، گذشتہ چھ دہائیوں سے پی پی ایل دور درازعلاقو ںاورشہروں کی پسماندہ آبادیوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اوران کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دینے پر فخر محسوس کرتی ہے"۔ انہوںنے پاکستان میںزچگی کے دوران مائوںکی اموات کی بلند شرح کے پس منظر میں ماں اور بچے کو معیاری صحت کی سہولیات کی مفت فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فلاحی اقدامات کو مجتمع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دورانِ زچگی اور نسوانی صحت کے لئے حفاظتی خدمات کی غرض سے کراچی میں خواتین کے سب سے پہلے ہسپتال کی حیثیت سے 1898 میں ایل ڈ ی ایچ کا قیام عمل میں آیا۔