معیشت میں بہتری ملک میں خوشحالی آئے گی ممنو ن حسین
اسلام آباد(این این آئی) صدرمملکت ممنو ن حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بیشمار پیچیدہ مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔دہشت گردی ختم ہو گئی اور قومی معیشت میں بہتری پیدا ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں خوشحالی آئے گی اور استحکام کو فروغ ملے گا۔ صدر مملکت نے یہ بات پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام انجینئرنگ سے وابستہ تعلیمی اداروں کی پہلی عالمی ڈینز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کے علاوہ ممتاز پاکستانی اور غیر ملکی ماہرین نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو گذشتہ چند دہائیوں سیدہشت گردی سمیت کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس سے معیشت متاثر ہوئی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ اس صورت حال سے انجینئرنگ کے شعبے کے لوگ بھی متاثر ہوئے۔ لیکن اب صورت حال بدل چکی ہے اور پاکستان نے دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر قابو پا لیا ہے۔ صدر مملکت نے امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کے تبادلہ خیال سیانجینئرنگ کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت میں بہتری آئے گی۔ صدر مملکت نے خواہش کا اظہار کیا کہ انجینئرنگ کونسل اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے حکومت کوقابل عمل تجاویز پیش کرے۔ انھوں نے توقع کی اظہار کیا کہ یہ تجاویز انجینئرنگ سروس اسٹرکچر کی بہتری میں یقینا معاون ثابت ہوں گی۔ اس موقع پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، چ، سیکریٹری جنرل ملائیشین سوسائٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی پروفیسر محمد نور اور انجینئر ڈاکٹر جمیل احمد کے علاوہ پاکستان اور بیرون پاکستان سے آنے والے انجینئرز اور ماہرین تعلیم کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر شرکا میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔