حضرت فاطمہ زہراؑ کی سیرت حقوق نسواں کا عالمی چارٹر ہے، قمرزہرانقوی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ عالمی عشرہ عزا ئے فاطمیہ کی مجالس کا سلسلہ ملک بھر میں جاری ہے ۔ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں انجمن دختران اسلام ، ام البنین ڈبلیوایف،گرلزگائیڈاورسکینہ جنریشن کے زیراہتمام عشرہ عزائے فاطمیہ ؑ کی تیسری مجلس سے خطاب کرتے ہوئے خطیبہ خانم قمرزہرانقوی فاضل قم نے کہاکہ دختر پیغمبر اکرمؐ کے وجود طاہرہ کی برکت سے ننگ و عار سمجھی جانے والی عورت کو عزت و حرمت کا اعلیٰ مقام عطا ہوا ۔انہوں نے کہا کہ مغرب کی رسیا مادر پدر آزادی کا نعرہ لگانے والی خواتین کو سیرت حضرت بتول ؑ کی پیروی کرنی چاہیئے جن کی سیرت حقوق نسواں کا عالمی چارٹر ہے ۔ انہوںنے کہا کہ خانوادہِ بتول ؐ میںارتقائے انسانیت کے کامل نمونے موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ طبقہ نسواں کی ہدایت و رہنمائی اور سعادتوں کے حصول کیلئے خاتونِ جنت ؑ کی سیرتِ مبارکہ شمع ہدایت کی حیثیت رکھتی ہے۔ذاکرہ صائمہ نقوی اورشہربانونقوی نے بھی خطاب کیا۔