پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ آئین کی بالادستی نہ ہونا ہے‘ ساجد نقوی
کراچی (نیوز رپورٹر) قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہداء سہون کی برسی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ آئین اور قانون کی بالا دستی کا نہ ہونا ہے شہداء سہون کے خاندانوں کو ابھی تک انصاف نہ ملنا افسوسناک عمل ہے عوام کو اپنے حقوق کی جدوجہد کیلئے میدان عمل میں آنا ہو گا اور 2018ء کے الیکشن میں ووٹ کے ذریعے نظام کو بدلنا ہو گا سیاسی قوت اور طاقت کے ذریعے ہی حقوق کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر شیعہ علماء کو نسل صوبہ سندھ کے صدر علامہ ناظرعباس تقوی‘علامہ باقر زیدی‘علامہ ریاض حسین الحسینی ‘علامہ اسد اقبال ‘حسنین مہدی اور محمد یعقوب شہباز کا خطاب میں کہنا تھا سانحہ سہون کو ہم بھولے نہیں ہیں آج شہداء کی برسی میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کرکے دہشت گردوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ ان دھماکوں کو ذریعے جان تو لے سکتے ہو لیکن تشیع کے نظر یے کو ختم نہیں کر سکتے ہم وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قا تلوں اور دہشت گردوں کو بے نقاب کیا جائے اور یہ مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے اب بھی مزار پر ہونے والے سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں لہذاں لعل شہباز قلندر فورس کے نام سے ایک فورس تشکیل دی جائے جو صرف مزار کی سیکیورٹی پر مامور ہو‘ مزار کے احاطے میں قائم شدہ دکانوں کو ختم کرکے مزار کے تقدس کو بحال اور زائرین کو سہولتیں دی جائے کروڑوں روپے کی کرپشن کے سبب مزار کے اطراف میں گندگی اور غلاظت کے انبار لگے ہوئے ہیں۔