عراق میں امریکی مفادات کو نقصان پہنچانے کی قیمت ایران ادا کرے گا:مائیک پومپیو

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطی بالخصوص عراق میں واشنگٹن کے مفادات اور تنصیبات کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی قیمت ایران کو چکانا ہوگی کیونکہ حالیہ دنوں کے دوران عراق میں ہمارے فوجی اڈوں پر میزائل اور راکٹ حملوں کے پیچھے ایرانی وفادار ملیشیائوں کا ہاتھ ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اس موقع کو ایران کویقین دہانی کرکے بہتر موقع سمجھتے ہیں اور اسے یاد دلاتے ہیں کہ ایران یا اس کے کسی وفادار ایجنٹ نے امریکا یا اس کے اتحادیوں میں سے کسی کے مفادات کو نقصان پہنچایا تو تہران کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔ایک دوسرے بیان میں مائیک پومپیو نے لبنان میں کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف عوامی احتجاجی مظاہروں کی حمایت کی اور کہا کہ لبنانی حزب اللہ ملیشیا کے خلاف پابندیوں کے ساتھ دیگر تمام ممکنہ طریقے بروئے کار لائے جائیں گے۔مسٹر پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکا نے حزب اللہ کو فنڈنگ فراہم کرنے میں ملوث دو افراد پر پابندیاں عاید کی ہیں۔ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔