خصوصی افراد کیلئے ملازمتوں میں دو فیصد کوٹہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،علی محمد خان
اسلام آباد/ سٹاف رپورٹر/ گزشتہ روز قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ خصوصی افراد کیلئے ملازمتوں میں دو فیصد کوٹہ پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ جمعہ کے روز پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے روبینہ عرفان اور عظمی ریاض کے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ دونوں خواتین ارکان کی طرف سے یہ نوٹس خصوصی افراد سے متعلق قانون پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد نہ ہونے کے حوالے سے تھا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کی سہو لت کیلئے عمارتوں میں خصوصی راستوں کی تعمیر ، تعمیراتی قواعد میں لازمی قراردی گئی ہے۔