کوشش ہے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کا معاملہ پارلیمنٹ حل کرے ،اکرم درانی
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) متحدہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنونیئر اکرم خان درانی نے کہاہے کہ ہمارااعتماد گزشتہ الیکشن کمیشن کی ناقص کار کردگی کی وجہ سے نہیں ہورہا ،نیک نام لوگوں کو الیکشن کمیشن میں لانا چاہتے ہیں ، ۔حکومت کسی بھی بات پر اتفاق رائے پیدا نہیں پا رہی ہماری کوشش ہے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کا معاملہ پارلیمنٹ حل کرے رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہاکہ گزشتہ اجلاس میں جو فیصلہ ہوا تھا اس حوالے سے حکومت سے بات چیت بھی چل رہی ہے،الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے حوالے سے حکومت سے مذاکرات جاری ہیں،ہمیں الیکشن کمیشن کا اعتماد بحال کرنا ہے،اچھی شہرت والے نام چننا چاہتے ہیں،تمام اپوزیشن جماعتوں کا مکمل اتفاق ہے۔اکرم درانی نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر اورارکان کی تقرری سے متعلق معاملہ پر غور کیا گیا،گزشتہ انتخابات میں الیکشن کمیشن پر عوامی اعتماد خراب ہوا۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن نے اچھی شہرت کے حامل افراد کے نام دئیے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کے پاس آخری موقع ہے وہ الیکشن کمیشن کا معاملہ حل کر لے،حکومت کسی بھی بات پر اتفاق رائے پیدا نہیں پا رہی۔اکرم درانی نے کہاکہ حکومت مایوسی کا شکار ہے،چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کا فیصلہ ایک ساتھ کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ احسن اقبال نے کہاکہ سب کو تین سال پہلے پتا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر ریٹائر ہونے والے ہیں ،وزیراعظم اور اپوزیشن کی مشاورت پہلے ہی ہوجانی چاہیے تھی،الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تقرری کے حوالے سے اپنے ہی صدر سے غیر آئینی کام کروایا۔ انہوںنے کہاکہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔