پی آئی سی پر حملہ: جنرل ہسپتال کے ڈاکٹر ز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ریلی
لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پرحملہ، توڑپھوڑ اور اس سانحہ کے متاثرین سے اظہارہمدردی و یکجہتی کے لئے پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے پروفیسرز، ڈاکٹرز،نرسز،پیرا میڈیکس اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماؤں نے مشترکہ احتجاجی واک کا انعقاد کیا جس کے شرکاء نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں ڈاکٹرز و میڈیکل عملے اور مریضوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ہسپتال جیسے مقدس ادارے پر بلا جواز حملے کے خلاف درج نعروں پر مشتمل پلے کارڈز و بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ایل جی ایچ کے ایڈمن بلاک سے شروع ہو کر پی آئی این ایس تک جانے والی اس احتجاجی واک میں شامل ہر شخص رنجیدہ اور احتجاج کرتا ہوا دکھائی دے رہا تھا جس کا مقصد وکلاء برادری کی طرف سے کی جانے والی زیادتی کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔ ڈاکٹر قاسم اعوان اور ڈاکٹر عمار یوسف و جی ایچ اے کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اپنی اناء کی تسکین اور بار کی سیاست کے لئے وکلاء نہ صرف ملک بھر بلکہ عالمی سطح پر جگ ہنسائی کا باعث بنے۔ڈاکٹرز کمیونٹی مزید عدم تحفظ کا شکار ہوئی اور ملکی املاک کو نقصان پہنچا کر د ل کے مریضوں کے علاج معالجے میں خلل ڈالا گیا۔