تعلیمی اداروں‘ ہسپتالوں پر حملے ہو رہے ہیں‘ حکومت ہے نہ کوئی قانون: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی یونیورسٹی میں قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے اسلامی جمعیت طلبہ کے رہنما سید طفیل الرحمن کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ایسا نہ ہوا تو اس کا مطلب ہوگا کہ حکومت امن وامان کی صورتحال کو خود سبوتاژ کرنا چاہتی ہے۔ معصوم نوجوان کا یہ قتل اسلامی یونیورسٹی کی انتظامیہ کے سر پر بھی ہے۔ انتظامیہ بتائے کہ ان اسلحہ بردار غنڈوں کو یونیورسٹی میں گھسنے کی اجازت کس نے دی۔ یہ حملہ اچانک نہیں بلکہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا۔ ملک میں قانون اور حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں پر حملے ہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلا م آباد میں اسلامی جمعیت طلبا کے رکن سید طفیل الرحمن کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلو چ، میاں محمد اسلم ،اسلامی امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود ،جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ محمد عامر اور عبدالرشید ترابی بھی موجود تھے۔ نماز جنازہ کے بعد سینیٹر سراج الحق نے پمز ہسپتال میں زخمی کارکنوں کی عیادت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے اسلامی یونیورسٹی میں سٹوڈنٹس ایکسپو کے نام سے پروگرام آرگنائز کیا تھا اس پروگرام میں بڑی تعداد میں جمعیت کے سابقین اور مہمانوں کو دعوت دی گئی تھی میں خود اس پروگرام میں دو روز قبل شامل ہوا تھا۔ یہ پروگرام پورے نظم وضبط کے ساتھ جاری تھا مگر شرپسند عناصر نے اس پرامن پروگرام پر حملہ کر دیا۔ لسانی تنظیم نے پوری منصوبہ بندی سے یہ حملہ کیا جس میں یونیورسٹی انتظامیہ ملوث ہے۔ یہ تصادم نہیں بلکہ جمعیت کے پروگرام پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلی غنڈہ گردی اور حملے کو دو تنظیموں کے درمیان تصادم قرار دینے والوں کی عقل ماری گئی ہے ۔شہادتوں کایہ سفر 1400 سال سے جاری ہے اور قیامت تک جاری رہے گا۔ سید طفیل الرحمن شہید کی نماز جنازہ کے بعد میت ان کے آبائی گائون گلگت بلتستان روانہ کر دی گئی۔ سینیٹر سراج الحق نے بعد ازاں پمز ہسپتال میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زخمی کارکنان کی عیادت کی۔ دریں اثناء جامعہ احیاء العلوم صوابی جمعیت طلبہ عربیہ خیبر پی کے کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ بائیس دسمبر کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی نکالی جائے گی اور اس موقع پر ایک اہم اعلان بھی کیا جائے گا۔ اس وقت دنیا میں کشمیر واحد ملک ہے جہاں کے مسلمانوں پر بھارت نے انتہائی ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے۔ 70 ویں جمعے میں بھی مقبوضہ کشمیر کے مسلمان نماز جمعہ ادا نہیں کر سکے۔