صحت مند زندگی گزارنے کی عادت اپنا کر متوازن غذا استعمال کریں، ڈاکٹر نوشین حامد
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ صحت عامہ کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ صحت مند زندگی گزارنے کی عادات اپنائی جائیں، لائف سٹائل میں تساہل پسندی چھوڑ کر متوازن غذاکا استعمال کیا جائے، تفکرات سے پاک آسودہ زندگی گزارنے کو ترجیح دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور دیہی اور شہری علاقوں میں علاج معالجے کی سہولیات ہر سطح پر عام کی جا رہی ہیں۔ انہوںنے یہ بات ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار کا اہتمام ہیومن ریسوریس ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک اور ولنٹری آرگنائزیشن برائے آگاہی تعلیم و صحت (وائیسس)کے تعاون سے کیا گیا جس میں ہیلتھ اینڈ سوشل سیکٹر کی نمایاں شخصیات ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اورمختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ سیمینار کے دوران امراض قلب کے بارے میں خصوصی تحقیقی مقالہ پیش کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر مہدی حسن راجہ نے ان بنیادی طبی اصولوںاور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جنہیں اختیار کرکے دل کی بیماریوں سے تحفظ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ صحت مند دل کے لئے روزانہ چالیس منٹ تک خالی پیٹ تیزچلنا لازم ہے،جسم میں کولسٹرول ، بلڈ پریشر اور شوگر کو کنٹرول کرنے سے امراض قلب سے بچاو ممکن ہے۔ ڈاکٹر مہدی حسن راجہ نے کہاکہ مرغن غذائیں اور جنک فوڈ سے نوجوان دل کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیںاور ان اشیاء کا متواتر استعمال سخت نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ بیکری کی مصنوعات ، مٹھائیاں ، کولڈ ڈرنکس اور آئیل سے بھی دل کے امراض لاحق ہوتے ہیں۔ کیمیکلز کا زیادہ استعمال بھی دل کو متاثرکرتا ہے۔ڈاکٹر مہدی حسن راجہ نے کہاکہ صرف واک ، سادہ غذا اور احتیاط سے دل سے بیماریوں سے بچاو ممکن ہے اوراس مقصد کے لئے کوئی مصنوعی ڈائٹ پلان کارگر ثابت نہیںہوتا۔ چیف ایگزیکٹو وائیس مسز سمیرا حنا مہدی نے کہاکہ وائیس تعلیم و صحت کے بارے میں عوامی آگاہی کے لئے کوشاںہے اور تعلیمی اداروں میں تربیتی سیمینارز اور اس نوعیت کی دیگر تقریبات کے انعقاد سے لوگوںکو دل کی بیماریوں سے بچاو سے آگاہ کیاجا رہاہے۔ سیمنیار سے سی ای او ہیومن ریسوس ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک مسز روبیلہ بنگش ،مسز صائقہ اشرف اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر شاندار خدمات پر ڈاکٹر مہدی حسن راجہ کو گولڈ میڈل پیش کیا گیا۔